چندی گڑھ:26/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو کی بیوی اور سابق ممبر اسمبلی نوجوت کور سدھو نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں چندی گڑھ سے کانگریس ٹکٹ کے لئے دعوی پیش کیا ہے۔ اگراس کی جانب سے دعوی پیش کئے جانے کے ساتھ ہی مرکز کے زیر اہتمام ریاست سے کانگریس کے ٹکٹ کے دعویداروں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ سابق وزیر ریل پون کمار بنسل اور سابق مرکزی وزیر منیش تیواری بھی چندی گڑھ سے ٹکٹ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ بی جے پی کے رہنما کرن کھیر لوک سبھا میں اب چندی گڑھ کی نمائندگی کر رہی ہیں۔امرتسر (مشرق) کی سابق ممبر اسمبلی اور سابق چیف پارلیمانی سیکرٹری، نوجوت کور نے جمعہ کو چندی گڑھ کانگریس کو اپنی درخواست دی۔نوجوت کور سدھو نے چندی گڑھ کانگریس صدر پردیپ چھابڑا کو لکھاکہ میں آئندہ لوک سبھا انتخابات میں مرکز کے زیر اہتمام صوبہ چندی گڑھ حلقہ سے لڑنے کے لئے اپنی درخواست سونپ رہی ہوں۔ میرے کام کا سارا ریکارڈ منسلک ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ میری درخواست پر غور کریں گے اور مجھے اس خوبصورت شہر کے لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع د یں گے ۔نوجوت نے ہفتہ کو میڈیا سے کہا کہ ’’صلاحیت مند افراد کی ہجرت پر روک اور یہاں کے نوجوانوں کو نوکری دلانا میرا ایجنڈا ہو گا ۔بنسل اور تیواری کے بھی ٹکٹ کے لئے دعویداری کرنے کے بارے میں سابق ممبر اسمبلی نے کہا کہ یہ فیصلہ (ٹکٹ دینے کا) پارٹی کو کرنا ہے۔اگر پون بنسل کو ٹکٹ ملتا ہے، تو میں ان کی مدد میں سب سے آگے رہوں گی۔چندی گڑھ سے چار بار ایم پی رہ چکے بنسل نے یقین ظاہر کیا کہ پارٹی اعلی کمان ان پر یقین کرے گا اور انہیں ٹکٹ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو کہیں سے بھی ٹکٹ کے لئے درخواست کرنے کا حق ہے؛ لیکن اس بارے میں فیصلہ پارٹی اعلی کمان کو کرنا ہے۔